ڈھاکا:بنگلہ دیش کی ایک کمپنی میں دھماکے سے 30 افراد جاں بحق اور170 سے زائد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بنگلہ دیش کے ضلع چٹاگانگ میں نیدرلینڈاوربنگلہ دیش کی ایک مشترکہ کمپنی کے کنٹینرڈپو میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔
پولیس کے مطابق کنٹینرڈپو میں آگ لگنے کے دوران دھماکہ ہوا۔ فائر سروس کے حکام کا کہنا تھا کہ ڈپو میں دھماکہ اس وقت ہوا جب فائر سروس کے اہلکاراورکنٹینرڈپوکا عملہ آگ بجھانے کی کوشش کر رہے تھے۔
زخمی ہونے والوں میں پولیس اور فائر سروس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں فوری طورپرایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔
سی ایم سی ایچ پولیس کیمپ کے انچارج عاشق الرحمن نے کہا کہ 100 سے زائد افراد کو سی ایم سی ایچ کے مختلف یونٹوں میں لے جایا گیا ہے اورمزید زخمیوں کو اسپتال لایا جا رہا ہے۔