ایران چند ہفتوں میں ایٹمی طاقت بننے کے قریب پہنچ گیا

واشنگٹن:ایٹم بم بنانے کیلیے درکار افزودہ یورنیم کی ضروری مقدارایران کے پاس موجود ہے۔امریکہ کے خیال میں ایران کے چند ہفتوں میں ایٹمی طاقت بننے کا واضح امکان موجود ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے معمول کی ایک پریس بریفنگ میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ  ایٹامک انرجی کی بین الاقوامی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل نے ایک بیان میں دعوی کیا ہے کہ ایران ایٹم بم بنانے کی صلاحیت حاصل کر چکا ہے اور اس کے ایٹمی طاقت بننے میں اب مہینے نہیں چند ہفتے لگیں گے۔

امریکی ترجمان نے واضح کیا کہ ہمیں اس ایجنسی پر مکمل اعتماد ہے اور ہم اس کے ساتھ ضروری معلومات شیئر کرتے رہتے ہیں۔ اس معاملے میں ہمارا ان کے ساتھ مکمل اتفاق ہے۔

امریکی ترجمان نے بتایا کہ جب ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ طے ہونے کے بعد اس پرعملدرآمد شروع ہوا تھا تو اس وقت عام تصور یہ تھا کہ ایران ایٹم بم بنانے کی صلاحیت سے تقریباً ایک سال دور ہے۔ اس کے بعد ایران احتیاط برتتا رہا اور اس مدت میں کمی بیشی آتی رہی لیکن اب معاہدہ نہ ہونے کے سبب ایران نے اس سلسلے میں کافی پیش رفت کر لی ہے۔