فائل فوٹو
فائل فوٹو

دعا زہرہ کیس۔عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا جو آج ہی سنایا جائے گا

کراچی:پسند شادی کرنے والی دعا زہرہ کو سندھ ہائیکورٹ میں پیش کردیا گیا، عدالت نے بازیابی کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا جو آج ہی سنایا جائے گا۔

سندھ ہائیکورٹ میں دعا زہرہ کیس کی سماعت ہوئی، جہاں دعا زہرہ کی میڈیکل رپورٹ پیش کردی گئی۔ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ رپورٹ کے مطابق عمر تقریبا17 سال ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ تمام دستاویزات کے مطابق عمر 14 سال ہے۔

جسٹس جنید غفار نے کہا کہ یہ سب ٹرائل کورٹ میں جا کر دکھائیں، یہاں بازیابی کا کیس تھا جو ختم ہوگیا۔پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ یہ درخواست نمٹا دیں، معاملہ ٹرائل کورٹ میں بھیجا جائے، ٹرائل کورٹ میں چالان بھی جمع کرایا جاچکا ہے۔

جسٹس جنید غفار نے کہا کہ لڑکی کو دوبارہ لاہور کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، ہمارے پاس جو درخواست تھی اس کے مقاصد حاصل ہوچکے ہیں۔ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ لاہور میں لڑکی اور لڑکے کو 10 جون کو پیش ہونا ہے۔

عدالت نے کہا کہ دعا آپ کی والدین سے ملاقات کرائیں ؟ جس پر دعازہرہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی اور کہا کہ میں نہیں ملنا چاہتی۔سندھ ہائیکورٹ نے چیمبرمیں ملاقات کی ہدایت کردی اورکہا کہ ہم چیمبر میں ملاقات کراتے ہیں آپ تسلی سے مل لیں۔

بعدازاں سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرہ کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا، جوآج ہی سنایا جائے گا۔گزشتہ روز کراچی پولیس کو دعا زہرہ کی میڈیکل رپورٹ موصول ہوئی تھی ، میڈیکل رپورٹ کے مطابق دعا زہرہ کی عمر 16 سے 17سال کے درمیان ہے، قد 5 فٹ ایک انچ اور وزن 35 کلو ہے۔

دعا زہرہ کا دعویٰ ہے کہ اس کی عمر18سال ہے جبکہ والدین کے مطابق لڑکی کی عمر 14سال ہے، میڈیکل رپورٹ نے دونوں کے مؤقف کی تردید کردی۔