تہران:ایران کے سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اتوارکے روز ماھان ایئرلائن کا ملکیتی بوئنگ 747 طیارہ ارجنٹائن میں قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 8 جون کو ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں پہنچنے والے وینزویلا کے بوئنگ 767 مال بردار طیارے کو ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے قبضے میں لے لیا۔
ارجنٹائن کی حکومت نے عوامی طور پر قبضے کی تصدیق نہیں کی لیکن وزارت داخلہ کی جانب سے فراہم کی گئی دستاویز کے مطابق طیارے میں 14 وینزویلا اور 5 ایرانی شہری سوار تھے۔
دوسری جانب ارجنٹائن کے انٹیلی جنس کمیشن کے ایک رکن نے دعویٰ کیا کہ یہ طیارہ ارجنٹائن کی جاسوسی کے لیے ملک میں آیا تھا اور طیارے میں موجود حکام نے ملک میں آنے کی وجہ کا تشفی جواب نہیں دیا تھا۔
طیارے کے عملے کی جانب سے ارجنٹائن کی عدالت میں درخواست دائر کی گئی ہے جس پر کارروائی کرتے ہوئے عدالتوں کو طیارے کو چھوڑنے اور اس میں سوار افراد کو پاسپورٹ واپس کرنے کے احکامات دینے ہوں گے۔
مذکورہ کارگو طیارہ ایران کی ماہان ایئر کی ملکیت تھا جسے ایک سال قبل وینزویلا کو فروخت کیا گیا تھا۔ اس وقت ایران اور وینزویلا دو ایسے ممالک ہیں جو امریکا کی سخت اقتصادی اور تجارتی پابندیوں کی زد میں ہیں۔
ایران اوروینزویلا کے درمیان قریبی تعلقات پائے جاتے ہیں۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق دونوں ملکوں نے ہفتے کے روز بیس سالہ تعاون کے ایک منصوبے پر دستخط کیے تھے۔