ملتان:تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریزکے آخری میچ میں پاکستان کے 269 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 216 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی اس طرح پاکستان نے تینوں ون ڈے جیت کر ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کر دیا،شاداب خان کو مین دی میچ قراردیا گیا۔
پاکستان نے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 269 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم کے تمام کھلاڑی 37.2 اوورز میں 216 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس طرح میزبان ٹیم نے حریف کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔ شاداب خان چار وکٹیں اڑا کر نمایاں رہے۔ خراب موسم کے سبب میچ کو 48 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔
قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا، دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز سے بلے بازی کرتے ہوئے مجموعی اسکور پر 85 تک پہنچایا تو فخر زمان 35 رنز بنا کر پوران کی گیند پر بولڈ ہوئے، بعد ازاں بابر اعظم بھی صرف ایک رن بنا کر 88 رنز پر پویلین لوٹے۔ دوسرے اینڈ پرامام الحق نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور پھر وہ 68 گیندوں پر 62 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، یوں پاکستان کو تیسرے نقصان کا سامنا کرنا پڑا، بعد ازاں محمد حارث اور رضوان بالترتیب 113 اور 117 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ 33ویں اوور میں تیز آندھی کے باعث کھیل کو جب روکا گیا تو شاداب خان 22 اور خوشدل شاہ 15 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے جبکہ پوران نے دس اوورز میں 48 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
یچ کو دوبارہ شروع کرتے وقت 2 اوورز کو کم کر کے 48 اوورز تک مختص کیاگیا، خوشدل شاہ نے شاداب خان کے ساتھ شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 201 تک پہنچایا تو خوشدل شاہ 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دوسرے اینڈ پر شاداب خان نے جارحانہ بلے بازی کے سلسلے کو جاری رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ مقررہ 48 اوورز میں قومی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے، شاداب خان 86 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ امام الحق 62 اور فخر زمان 35 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، ویسٹ انڈیز کے کپتان پوران نے 4، کیمو پال نے دو، سیلز، واش اور اکیل حسین نے 1، 1 کھلاڑی کو شکار بنایا۔
ہدف کے تعاقب میں عقیل حسین کے سوا کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر نہیں ٹک سکا، وہ 37 بالوں پر 60 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کیاسی کیٹی نے 33، شائے ہوم اور کیمو پول 21، 21 اور بروکس نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔ روماریو نے 16 اسکور کیا۔ کپتان پوران کو 11 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ رومین پویل 10 رنز بنائے۔ کیل میئرز کو 5 رنز پر شاہنواز دھانی نے شکار کیا۔
قومی ٹیم کے شاداب خان نے 4، محمد نواز اور حسن علی نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہنواز دھانی اور محمد وسیم نے 1-1 کھلاڑی آؤٹ کیا۔