اوپن مارکیٹ میں ڈالر212 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

کراچی:ملکی تاریخ میں پہلی بارڈالرکی اوپن مارکیٹ قیمت 212 اورانٹربینک قیمت 208 روپے سے تجاوز کرگئی۔

تفصیلات کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے کمی اور سرکاری ذخائر مزید گھٹ کر 8 ارب 9 کروڑ ڈالرکی سطح پرآنے کے باعث جمعہ کو بھی ڈالر کی بلند پرواز جاری رہی جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بارڈالرکے انٹربینک ریٹ 208 روپے اور اوپن مارکیٹ نرخ 212 روپے کی نئی بلند ترین سطح سے بھی تجاوز کرگئے۔

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر 209 روپے سے بھی تجاوز کرگئی تھی تاہم اختتامی لمحات میں ڈالر کے انٹربینک ریٹ  ایک روپے 8 پیسے کے اضافے سے 208.75 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالرکی قدر 2.50 روپے بڑھ کر 212 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئی۔