سندھ میں بلدیاتی انتخابات روکنے کیلیے پی ٹی آئی کی دو درخواستیں مسترد

کراچی:سندھ ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابات کے خلاف حکم امتناعی کی درخواست مسترد کردی،عدالت نے ریمارکس دیے کہ  گزشتہ روز فروغ نسیم نے بھی یہی درخواست کی تھی جو مسترد کی جا چکی ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اورسابق وفاقی وزیرعلی زیدی نے  سندھ  میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کے خلاف درخواست دائرکی تھی ۔ وکیل درخواست گزارنے عدالت میں کہا کہ سپریم کورٹ نے آرٹیکل 140 اے کے تحت  الیکشن کرانے کا  حکم دیا تھا ، مگر نئے حلقے تشکیل نہیں دیے گئے،امیدواروں کو اپنے ووٹرزاورعلاقوں کا علم نہیں ۔

عدالت کی ہدایت پر وکیل نے فریق کی حیثیت سے پی پی کا نام درخواست سے نکال دیا گیا، پی ٹی آئی کی درخواست بھی متحدہ کی درخوست کے ساتھ  منسلک کردی گئی ۔عدالت نے  سماعت 23 جون تک ملتوی کردی ۔

سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کی سندھ بلدیاتی انتخابات کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کی درخواست کو مسترد کردی ۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس اعجازالاحسن نے تحریک انصاف کی دخواست پران چیمبر سماعت کی ،عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کو اختیارات دینے کے فیصلے پرعملدرآمد کیلیے ماتحت عدالتیں ہیں، تحریک انصاف کے پاس سپریم کورٹ کے فیصلے پرعملدرآمد کیلیے سندھ ہائیکورٹ کا فورم ہے ،آرٹیکل 3/184 کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات درست ہیں۔

بلدیاتی انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلے کی پولنگ کے خلاف پی ٹی آئی نے درخواست دائر کی تھی ، رجسٹرار آفس نے متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کا اعتراض لگا کردرخواست واپس کردی تھی ۔