اسلام آباد :وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس دوران ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی بحث ہوئی جبکہ مہنگے تیل پر مفتاح اسماعیل کو سخت سوالا ت کا سامنا بھی کرنا پڑا ۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے مفتاح اسماعیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مفتاح صاحب میں آپ کا دفاع نہیں کروں گا، ٹیکسوں اور تیل کی قیمتوں میں اضافے پر ساتھیوں کو مطمئن کریں ۔ کابینہ اراکین کی جانب سے مفتاح اسماعیل سے آئی ایم ایف پروگرام بحال ہونے سے متعلق بھی سوالا کیے گئے ۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مہنگے تیل سے ہم سب کا عوامی گراف گرا ہے ۔ مفتاح اسماعیل نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے جلد اچھی خبر ملے گی ،آئی ایم ایف سے مذاکرات کا اگلا دور آج رات اور کل ہو گا،یہ پہلا بجٹ ہے جس میں امیروں پر ٹیکس بڑھایا گیاہے جبکہ غریبوں کو ریلیف دیا گیا ہے، مجھے قیمتیں بڑھانے کا شوق نہیں ہے مگر عالمی منڈی کو دیکھ لیں، تیل کی قیمتوں کا آئی ایم ایف سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔