عارف علوی پاکستان تحریک انصاف کی ٹوپی اتاریں۔شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد:شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عارف علوی پاکستان تحریک انصاف کی ٹوپی اتاریں اورصدرکی ٹوپی پہنیں ، ملک کا صدر پارلیمان کی نفی کرنے پر مجبور ہے، صدر نے نیب ترمیمی بل دستخط کیے بغیر واپس کردیا ، پوری پارلیمان کا منظور شدہ بل درست نظرنہ آنا سمجھ سے بالاتر ہے، کیا صدرمملکت نے کبھی چیئرمین کو بلا کر پوچھا کہ کن لوگوں پرکیا کیسز بنائے؟،نیب سے پچھلے 4 سال کی تفصیلات لینی چاہیے،  نیب کا ہر کیس جھوٹا ہوتا ہے، صدر مملکت سے گزارش ہے کہ نیب کا ریکارڈ منگوا لیں۔

نیب کورٹ اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ جب تک نیب موجود ہے تب تک یہ ملک نہیں چل سکتا ، نیب کا ادارہ سیاسی جوڑ توڑ کیلئے استعمال ہوا ہے ، سیاسی جوڑ توڑ نیب کی وجہ سے ہوتی رہے گی،نیب نے ملک کی تباہی کے سوا کچھ نہیں دیا،نیب نے ملکی معیشت کوتباہ کیا۔

شاہد خاقان عباسی نےکہاکہ عمران خان  کو تھریٹ آئی ہے جس کا حکومت سامنا کرے گی ، ماضی میں بھی عمران خان نے تھریٹ کا کہا مگر  اس کے ثبوت نہیں ملے ، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا عمران خان کو تحفظ فراہم کرینگے ۔