امپورٹڈ حکومت بغیر کسی سمت کا تعین کیے چل رہی ہے۔فائل فوٹو
امپورٹڈ حکومت بغیر کسی سمت کا تعین کیے چل رہی ہے۔فائل فوٹو

مہنگائی مارچ کرنے والوں نے تاریخی مہنگائی کردی۔عمران خان

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مانے ہوئے کرپٹ لوگ ہم پر مسلط کر دیے گئے ۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو حکمران ہم پر مسلط کیے گئے وہ 30 سال سے چوری کر رہے تھے اور انہوں نے آتے ہی عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال دیا۔ ملک کو تباہ کرنا ہو تو چور اور ڈاکوؤں کو مسلط کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ ملزم کبھی قاضی نہیں ہوسکتا۔ ہمارے خلاف مہنگائی مارچ کرنے والوں نے آتے ہی تاریخی مہنگائی کردی اور پیٹرول، بجلی، گیس سب کچھ مہنگا کر دیا گیا۔ ہم نے اپنے لیے نہیں بلکہ اپنے مستقبل کے لیے نکلنا ہو گا اور 2 جولائی کو اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ثابت کریں گے کہ ہم زندہ قوم ہیں۔ 2 جولائی کو تاریخی جلسہ کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ مانے ہوئے کرپٹ لوگ ہم پر مسلط کر دیئے گئے ہیں جنہوں نے آتے ہی اپنے کرپشن کیسز ختم کیے اور نیب کو ختم کیا۔ نیب ترمیم سے 11 سو ارب روپے کے کیسز ختم کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں 2 سال میں ایکسپورٹ 70 فیصد بڑھی اور ہمارے دور میں ریکارڈ ٹیکس جمع کیا گیا۔ زراعت 4.4 فیصد بڑھ رہی تھی اور کسانوں کے پاس پیسہ آ گیا تھا پھر کیا وجہ تھی کہ ہماری حکومت ہٹا کر ان کو بٹھایا گیا۔ جدوجہد کو جہاد کہتے ہیں اور ظلم کے سامنے کبھی اپنا سر نہیں جھکاتے۔ ہمیں اس وقت خواتین، نوجوانوں اور قوم کی ضرورت ہے۔

ان کا کہناتھا کہ کہ یہ ہمیں کہتے تھے کہ ہم آئی ایم ایف کے غلام ہیں اور امریکہ سے مل کر منتخب حکومت سازش سے ختم کی گئی اور امریکہ انہیں ہماری بہتری کے لیے نہیں بلکہ اپنی غلامی کے لیے لائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہبازپر24 ارب روپے کے کیسز ہیں۔ مقصود چپڑاسی، 3 گواہ اور ایک تحقیقاتی افسر مر چکے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن مشکل وقت میں عمرے پر چلے جاتے ہیں اور ہم نے 55 لاکھ نوکریاں دیں جو اکنامک سروے میں ہے۔