ڈیرن سیمی نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ افتتاحی پاکستان جونیئر لیگ میں شامل ہونے کا موقع مل رہا ہے۔(فائل فوٹو)
ڈیرن سیمی نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ افتتاحی پاکستان جونیئر لیگ میں شامل ہونے کا موقع مل رہا ہے۔(فائل فوٹو)

جاوید میانداد- شاہد آفریدی- شعیب ملک- ڈیرن سیمی جونئیر لیگ کے مینٹور مقرر

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈیرن سیمی، جاوید میانداد، شاہد آفریدی اور شعیب ملک کو اس سال اکتوبر میں لاہور میں ہونے والی افتتاحی پاکستان جونیئر لیگ(پی جے ایل) کے مینٹورز کے طور پر تصدیق کر دی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 1975-1996 کے درمیان 6 ورلڈ کپ کھیلنے والے جاوید میانداد لیگ کے مینٹور ہوں گے جب کہ شاہد آفریدی، ڈیرن سیمی اور شعیب ملک ٹیموں کے مینٹورز ہوں گے۔چاروں کھلاڑیوں کے ریکارڈ میں مجموعی طور پر 6 بڑے عالمی ٹائٹل، 15 سو 59 بین الاقوامی میچز، 43 ہزار 57 رنز اور 992 وکٹیں ہیں جبکہ ڈیرن سیمی اور شاہد آفریدی 2017 میں پشاور زلمی کی ٹیم کے ساتھی تھے، جب یلو ٹیم نے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا ٹائٹل جیتا تھا۔

جاوید میانداد پورے ایونٹ کے مینٹور کے طور پر شامل ہوں گے جو ٹورنامنٹ کے دوران 6 سائیڈز کے مینٹورز اور کھلاڑیوں کی سربراہی کریں گے۔شاہد آفریدی، ڈیرن سیمی اور شعیب ملک پاکستان جونیئر لیگ کی تیاری اور اس کے دوران ٹیم کے ڈگ آؤٹ کا حصہ ہوں گے جو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی20 سیریز کے بعد کھیلی جائے گی اور مذکورہ سیریز 2 اکتوبر کو ختم ہونے والی ہے۔

ٹیم مینٹور کے کرداروں کے علاوہ، چاروں کھلاڑی ایونٹ ایمبیسیڈر کے طور پر بھی کام کریں گے اور اپنی نوعیت کے پہلے ایونٹ کے فروغ اور اس کی تشہیر کے لیے اپنی معلومات، اثر و رسوخ اور شہرت کا استعمال کریں گے تاہم وقت آنے پر مزید تین ٹیم مینٹورز کا اعلان بھی کیا جائے گا۔