کابل:افغانستان کے دارالحکومت کابل میں افغان لویہ جرگہ شروع ہو گیا ہے۔افغان میڈیا کے مطابق لویہ جرگہ میں 3 ہزار سے زائد علماء، سیاسی و سماجی اور کاروباری شخصیات شرکت کررہی ہیں۔
افغان وزیر اعظم محمد حسن اخند لویہ جرگے کی صدارت کررہے ہیں۔افغان وزیر اعظم کاکہنا ہے کہ تمام شعبوں کے مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زلزلہ اور سیلاب کی قدرتی آفات پر جن ممالک نے امدادی سامان بھیجا ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔وزیراعظم نے یہ بھی کہاکہ حکومت امدادی سامان کی شفاف تقسیم کو یقینی بنائے گی۔
دریں اثنا ایسی اطلاعات بھی ملی ہیں کہ جرگے کے دوران ہال کے باہر دھماکہ سنا گیا ور فائرنگ بھی ہوئی، طالبان حکام کے مطابق قریبی چھت سے دو مسلح افراد نے فائرنگ کی، سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں دونوں حملہ آور مارے گئے، جرگے میں صحافیوں کو شرکت کی اجازت نہیں ملی۔