نئی دہلی:بھارتی سپریم کورٹ نے گستاخانہ بیان پر بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما پراظہاربرہمی کرتے ہوئے معافی مانگنے کا حکم دیا ہے۔
بھارتی سپریم کورٹ میں بی جے پی کی ترجمان نوپورشرما کے گستاخانہ بیان سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔عدالت نے نوپورشرما کی سرزنش کرتے ہوئے اسے ٹی وی پرآکرقوم سے معافی مانگنے کا حکم دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ نے کہا کہ بھارت میں جو کچھ ہوا ہے اس کے لیے نوپور شرما اکیلی ذمہ دار ہیں۔
سپریم کورٹ نے نوپور شرما کو پیغمبر اسلامﷺ کے خلاف گستاخانہ بیان دینے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نوپور شرما ٹیلی ویژن پر آکر پوری قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔
بھارتی سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ نوپورشرما نے گستاخانہ بیان ایجنڈے کے تحت دیا جس نے قوم کی سلامتی کو خطرے میں ڈالا اوراودے پور میں ایک درزی کا قتل ہوا۔
عدالت نے مزید کہا کہ نوپورشرما اوران کی زبان درازی نے پورے ملک میں آگ لگا دی۔ نوپور شرما اورٹی وی چینل کا ایسے معاملات پربات کرنے کا مقصد مخصوص ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے سوا کیا ہوسکتا ہے۔
بھارتی سپریم کورٹ نے جب نوپور شرما کوعدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تو اُن کے وکیل نے کہا کہ وہ بھاگ نہیں رہی ہیں بلکہ عدالت میں پیش ہونے کے لیے تیار ہیں جس پر بنچ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ نوپور شرما کے لیے ’ریڈ کارپیٹ‘ بچھائے جانے چاہئیں۔
بی جے پی کی معطل رہنما نوپور شرما کے وکیل نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ ان کی جان کو خطرہ ہے جس پر جسٹس سوریہ کانت نے جواب دیا کہ انہیں کوئی خطرہ ہے یا وہ خطرہ بن گئی ہیں؟ اس وقت بھارت میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے لیے وہ اکیلی ذمے دار ہیں۔