لاہور:پنجاب کے جنگلات میں آتشزدگی کے واقعات کے بعد محکمہ جنگلات کے 6 افسر معطل کردیئے گئے۔
انکوائری رپورٹ کے مطابق ان افسران نے غفلت و لاپروائی کا مظاہرہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ شہر کمالیہ میں جنگلات میں آگ لگنے کے معاملے پر سیکریٹری جنگلات نے فیصل آباد کے 6 افسران کو معطل کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افسران کو محکمانہ امور میں غفلت برتنے پر معطل کیا گیا، افسران کو کمشنر فیصل آباد اور ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں معطل کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق افسران کی نااہلی اور لاپرواہی جنگل و جنگلی حیات کے زیادہ نقصان کا باعث بنی، افسران کو پیڈا ایکٹ کے سیکشن 6 کے تحت 3 ماہ کے لیے معطل کیا گیا۔ سیکریٹری جنگلات کا کہنا ہے کہ معطل ہونے والے افسران میں ایس ڈی ایف او، 2 بلاک آفیسر اور 3 فاریسٹ گارڈز شامل ہیں۔