فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کیخلاف کرپشن کی تحقیقات جاری ہیں (فائل فوٹو)
فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کیخلاف کرپشن کی تحقیقات جاری ہیں (فائل فوٹو)

فرح گوگی کیخلاف تحقیقات میں فیصل آباد سے 2 ملزم گرفتار

فیصل آباد: فرحت شہزادی عرف فرح گوگی کیخلاف کرپشن کیس میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ۔ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن کارروائی کے دوران دو ملزمان گرفتار کر لئے جن کا تعلق فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) سے ہے۔

اینٹی کرپشن کے مطابق فیڈمک کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسررانا یوسف اور سیکرٹری اسپیشل اکنامک زون کمیٹی مقصود احمد پر فرح گوگی کو فیصل آباد اسپیشل اکنامک زون میں انتہائی قیمتی دس ایکڑ اراضی کوڑیوں کے دام الاٹ کرنے کا الزام ہے۔

حکام کے مطابق ملزمان نے فرح گوگی اور انکی والدہ کی کمپنی المعز ڈیری کو غیر قانونی طور پر 60 کروڑ مالیت کا پلاٹ صرف 8 کروڑ 30 لاکھ روپے میں الاٹ کیا۔

انڈسٹریل پلاٹ حاصل کرنے کیلئے فرح گوگی کے شوہر احسن جمیل گجر نے دو ارب کی جعلی گارنٹی دی،اینٹی کرپشن فرح گوگی اور احسن جمیل گجر کے اثاثوں کی چھان بین بھی کر رہی ہے۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے تین رکنی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم نے تحقیقات کا آغاز کردیاہے۔