نئی دہلی:بھارتی ریاست منی پور میں مٹی کا تودہ گرنے سے بھارتی فوج کا کیمپ تباہ ہوگیا جس کے ملبے تلے دب کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد 26 ہوگئی جب کہ 37 افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہیں جن کے زندہ بچ جانے کے امکانات معدوم ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست منی پور میں امپھال جریبام ریلوے پروجیکٹ میں تعمیراتی کام کے دوران مٹی کا بڑا تودہ آن گرا۔ پروجیکٹ کی حفاظت کے قائم کی گئی فوجی چیک پوسٹ لینڈ سلائیڈنگ میں تباہ ہوگئی۔
مٹی کا تودہ گرنے سے ملبے تلے 100 سے زائد اہلکار دب گئے۔ ریسکیو ادارے نے پہلے روز امدادی کاموں کے دوران 8 افراد کی لاشیں نکالی ہیں جن میں سے ایک ریلوے ملازم اور 7 فوجی اہلکار ہیں۔
دو روز میں امدادی کاموں کے دوران اب تک 26 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جن میں سے 23 ٹیریٹوریل آرمی کے اہلکار ہیں۔ اب بھی 37 افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں تاہم ان کے نزدہ بچ جانے کے امکانات معدوم ہوگئے۔
وزارت دفاع کے پبلک ریلیشن آفیسر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ریلوے پروجیکٹ کی حفاظت پر مامور ٹیم فوجی رضاکاروں پر مشتمل ٹریٹوریل آرمی کی ٹیم کر رہی تھی۔