گرفتاری کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کیاگیا ہے۔فائل فوٹو
گرفتاری کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کیاگیا ہے۔فائل فوٹو

حلیم عادل شیخ کو حراست میں لے لیا گیا

 لاہور:سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کو حراست میں لے لیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحلیم عادل شیخ کوحراست میں لے لیا گیا۔ حلیم عادل شیخ کو سول کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے حراست میں لے کرنامعلوم مقام پرمنتقل کردیا۔

حلیم عادل شیخ کوحراست میں لینے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پرآگئی۔ فوٹیج میں حلیم عادل شیخ کو سول کپڑے پہنے افراد کے ساتھ جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ لاہورپولیس کی جانب سے حلیم عادل شیخ کو حراست میں لینے کے بارے میں تاحال نہیں بتایا گیا۔

حلیم عادل شیخ کی بازیابی کیلیے عدالت میں درخواست دائر

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کی بازیابی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائی کورٹ حلیم عادل شیخ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حلیم عادل شیخ کو لاہور سے سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے گزشتہ رات اٹھایا تھا۔
حلیم عادل کی گرفتاری پر بیٹی کا ویڈیو بیان سامنے آگیا

حلیم عادل شیخ کی بیٹی عائشہ عادل نے اپنے آفیشل ٹوئٹراکاؤنٹ پر اپنا ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں اُنہوں نے اپنے والد کی گرفتاری سے متعلق بات کی ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں عائشہ حلیم نے کہا ہے کہ میرے والد حلیم عادل شیخ لاہور کے جس ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے وہاں سے گزشتہ شب ساڑھے 3 بجے 8 سے 9 نامعلوم افراد اُنہیں اُٹھا کر لے گئے، میری فیملی سمیت وکیل میں سے کوئی نہیں جانتا کہ وہ لوگ میرے والد کو کہاں لے کر گئے ہیں کیونکہ اُن افراد کے پاس نہ وارنٹ تھا اور نہ ہی آرڈرز تھے۔