ساہیوال: چئیرمین پاکستان تحریک انصاف اورسابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تاریخ انہیں معاف نہیں کرے گی جوچوروں کو ہم پر مسلط کر رہے ہیں۔ ساہیوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آپ کا کپتان بھارت جاکر بھارت کو شکست دے کر آیا، حمزہ تم نے ساری زندگی دو نمبری کر کے پیسہ بنایا، میرا چیلنج ہے کہ ہم تمہیں الیکشن ہرائیں گے۔ الیکشن کمیشن ان کے ساتھ مل کر انہیں جتانے کی کوشش کررہا ہے، یہ جتنے بھی امپائر ساتھ ملا لیں ہم پھر بھی انہیں شکست دیں گے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قومی نظریئے پر کھڑے لوگوں پر کیسز بنائے جارہے ہیں، تنقید کرتے ہیں تو ہم پر ایف آئی آر کٹ جاتی ہے مگر 15 نہیں 1500 ایف آئی آر کٹوا دو پیچھا نہیں چھوڑوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پیسے کے بت کے پوجا کرنے والے شریف اور زرداری ہیں ، یہ ڈاکو 30سال سے ملک وقوم کو لوٹ رہے تھے، ان لوگوں نے آتے ہی مہنگائی آسمان پر پہنچا دی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مریم جھوٹوں کی شہزادی ہے، ہمیں پیغام دیا جارہا ہے کہ برائی کیخلاف کھڑے ہوگے تو جیلوں میں ڈالا جائیگا۔ قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ جو آج چوروں کیساتھ ہے ان کا بھی احتساب ہوگا، انہیں کبھی قوم اور نہ ہی تاریخ معاف کرے گی۔