اسلام آباد : بنی گالہ تھانے کی پولیس نے معمولی تلخ کلامی پر شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن مثال خان کو گرفتار کرلیا۔ بنی گالہ پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ گرفتار کیے گئے شخص کی شناخت مثال خان کے نام سے ہوئی جو پی ٹی آئی کا کارکن ہے۔پولیس کے مطابق عارف شاہ کی بنی گالہ گرین میں مخالف سمت سے آنے والے شہری کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی جس پر اُس نے اسلحہ نکال کر شہری پر فائرنگ کردی۔
واقعے کے بعد مکینوں نے زخمی کو اسپتال پہنچایا اور کرال چوک بارہ کہو میں احتجاج کیا، جس پر پولیس کی بھاری نفری نے پہنچ کر مظاہرین سے مذاکرات کیے اور ملزم کو گرفتار کیا۔پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کرنے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، جلد تمام ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔پولیس نے تصدیق کی کہ ملزمان نے معمولی تلخ کلامی پر ولید عباسی نامی شخص کی ٹانگ پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوا۔