اسلام آؓباد: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ہراسگی الزام میں جسٹس (ر) جاوید اقبال کو لاپتہ افراد کمیشن کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹانےکی سفارش کردی ہے۔ چیئرمین نورعالم خان نے پی اے سی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی نے جسٹس (ر) جاوید اقبال کو لاپتہ افراد کمیشن کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کی سفارش کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے انہیں (خاتون کو ) بتا دیا ہے کہ ہمیں عوامی مفادات کی یہ چیزیں اُٹھانے کا اختیار ہے، یہ معاملہ تو ہماری ماؤں بہنوں کا ہے۔ خاتون کا شکوہ تھا کہ انہیں سنا نہیں گیا ہے، آج پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں انہیں سنا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے درخواست کی ہے کہ ایسے شخص کو لاپتہ افراد کے کمیشن کے عہدے سے فوراً ہٹایا جائے۔ نور عالم خان کا کہنا تھا جاوید اقبال پر خواتین کے ساتھ ہراسگی کے سنگین الزامات ہیں اگر جاوید اقبال آئندہ اجلاس میں کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہوئے تو ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے جائیں گے۔