ٹوکیو: جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو ابے قاتلانہ حملے میں ہلاک ہوگئے. عالمی میڈیا کے مطابق 67 سالہ شنزو ابے خطاب کے دوران فائرنگ کے واقعے میں شدید زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق شنزو ابے پر حملے کے وقت فائرنگ کی آواز سنائی دی، شنزو ابے پر حملے کے فوری بعد ایک مشکوک شخص کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق بتایا گیا ہے کہ شنزو ابے کو قاتلانہ حملے کے بعد دل کا دورہ بھی پڑا تھا۔حکام کے مطابق شنزو ابے کو دو گولیاں لگیں اور وہ اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں ان کی حالت تشیویشناک تھی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جاپان کے سابق وزیراعظم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ یاد رہے کہ شنزو ابے پہلے 2006 سے 2007 اور پھر 2012 سے 2020 تک جاپان کے وزیراعظم رہے، وہ سب سے طویل عرصہ جاپان کے وزیراعظم رہے۔