لیہ: مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عوام کے رونے کے دن ختم ہوگئے اب عمران کے رونے کے دن شروع ہوگئے ہیں۔ لیہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ جلسہ نہیں بلکہ اللہ کی شان دیکھ رہی ہوں، کیوںکہ میں نے جوعوام کا جم غفیر دیکھا ہے وہ قابل دید ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ 17 جولائی کو لیہ میں شیر شیرکی آوازآئےگی، ہمارا مقابلہ گیڈرسے نہیں بلکہ گیڈر کی لائی ہوئی مہنگائی ،کرپشن سے ہے۔ پنجاب کا مقابلہ پنجاب دشمن عمران خان سے ہے، یہ فتنہ خان پنجاب کی تباہی کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، اس شخص نے پنجاب کو لوٹنے کیلئے گھر کی خواتین کو لگایا ہوا تھا، کہ کیسا جہاد ہے جس کی فنڈنگ کیلئے بشریٰ بی اور فرح کو رکھا ہوا تھا۔
ن لیگ کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پی میں 9سال سے حکمران ہے، وہاں بارشوں سے تباہی ہوئی اور پشاور،مردان اور صوابی ڈوب گئے اورعمران خان اسلام آباد کی حدود سے پنجاب میں آکر گالم گلوچ کرکے چلے جاتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ روز دیکھا عمران رو رہے ہیں، جب لوگ آٹے اور چینی کو ترستے تھے اس وقت تمہیں رونا نہیں آیا، آئی ایم ایف سے معاہدہ کرتے ہوئے تمہیں رونا نہیں آیا، فرح خان پنجاب کو لوٹ کر کھا رہی تھی تب رونا نہیں آیا، عمران خان یاد رکھو عوام کے رونے کے دن ختم اب تم نے رونا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے حکومت جانے کا پتہ چلنے پر پٹرول و ڈیزل کی قیمتیں گرادیں، اب کہتا ہے پیٹرول کی قیمتیں کم کرو، تمہارا قیمتیں کم کرنے سے کیا تعلق ہے، شہباز شریف نے جو مشکل فیصلے کرنے تھے کر لئے، اب اچھے دن آنے والے ، آنے والے چند گھنٹوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہوں گی، اب مہنگائی کو ریورس گئیرلگے گا اور ترقی پانچویں گئیرمیں میں جائے گی۔