الہ آباد: بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر الہ آباد میں جس کا نیا نام ہندو نام پر ‘‘پریاگ راج ’’ ہے، پولیس نے نریندرمودی کے دورحکومت میں ملک میں اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، کساںوں کے احتجاج اور بے روزگاری کو اجاگر کرنے کے لئے لگائے گئے بینرز کے سلسلے میں 5 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتارافراد کیخلاف کرنل گنج پولیس اسٹیشن میں تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کے دواہم مقامات پرلگائے گئے بینرز کا مقصد وزیراعظم مودی کو بدنام کرنا ہے۔ پولیس کےمطابق یہ ہورڈنگز تلنگانہ کے سائی کے کہنے پرلگائے گئے ہیں۔
تلنگانہ راشٹرا سمیتی (ٹی آر ایس) سے وابستہ ہے، ٹی آر ایس حال ہی میں مودی حکومت پر سخت تنقید کرنےوالی پارٹی کے طورپرابھری ہے۔پارٹی کے سربراہ اور تلنگانہ کے وزیراعلیٰ چندر شکھر رائو مودی حکومت کی پالیسیوں پرشدید تنقید کرتے ہیں۔ بینرز میں مودی کی تصویر ہے جسے کارٹون کی شکل میں پیش کیا گیا ہے اوراس کے ہاتھ میں کھانا پکانے کا گیس سلنڈر ہے جبکہ سلنڈر کی قیمت نیچے چھاپی گئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ‘آپ نے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کے دوران بہت سے جانیں لی ہیں اورنوجوانوں کے خواب کنٹریکٹ ملازمتوں سے چکنا چورہوچکے ہیں’۔
گرفتار افراد کی شناخت انیکیت کیسروانی، ابھے کمار سنگھ، راجیش کیسروانی، شیو اور دھرمیندر کمار کے طور پر کی گئی ہے۔ مقامی ایس پی دنیش کمار سنگھ کے مطابق پولیس نے قریبی سی سی ٹی وی کیمروں سے حاصل کی گئی فوٹیج کی بنیاد پر گرفتاریاں کی ہیں اور مذکورہ ہورڈنگز شہر کی دو نمایاں مقامات پر لگائے گئے ہیں۔