کراچی، سابق وزیر پورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری کراچی سے نجی فضائی کمپنی کی پرواز ای کے 603 سے دبئی روانہ ہوگئے۔ بابرغوری کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نجی ایئرلائن کے ذریعے دبئی روانہ ہوئے۔ ان کے ساتھ اہلیہ بھی تھیں
بابر غوری 7 برس بیرون ملک رہنے کے بعد رواں ماہ 4 جولائی کراچی واپس پہنچے تھے، انہیں کراچی ائیرپورٹ سے ہی حراست میں لے لیا گیا تھا۔ بدھ کے روز انسداد دہشت گردی عدالت میں اشتعال انگیز تقریر کیس میں بابر غوری کو پیش کیا گیا تھا۔
دوران سماعت تفتیشی افسر نےعدالت کو بتایا تھا کہ بابر غوری کیخلاف ٹھوس شواہد نہیں ملے بعد ازاں انہیں رہا کردیا گیا تھا۔ بابر غوری کی گرفتاری اور رہائی سے متعلق وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ بابرغوری پر کوئی مقدمہ نہیں جس پر ضمانت نہ ہوئی ہو۔ ایف آئی اے میں ان کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں تھا۔