اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں سوشل میڈیا پر شہریوں کی کردار کشی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا۔
اجلاس میں سوشل میڈیا پر شہریوں کی ہراسگی، غیر اخلاقی مواد،بلیک میلنگ اور کردار کشی سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا اورایسے جرائم کے ذریعے شہریوں کی ساکھ خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، آئی جی پنجاب راؤسردارعلی خان، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محمد طاہر رائے، قائم مقام چیئرمین نادرا بریگیڈیئر (ر) خالد لطیف اور دیگر حکام شریک تھے۔
اجلاس میں سائبر کرائم بالخصوص ہراسانی اور توہین آمیز مواد اپلوڈ کرنے اور تشہیر سے متعلق قوانین مؤثر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیر داخلہ کی زیر صدارت اجلاس میں ہراسگی اور کردارکشی کے ذریعے ساکھ خراب کرنےکے معاملے پر PECA 2016 میں ضروری ترامیم لانے کے لیے ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، جو سوشل میڈیا پر ہراسگی، کردارکشی اور توہین آمیز مواد روکنے کے لیے قانون سازی اورانتظامی اقدامات کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لے گا۔