چیف سیکرٹری سندھ کی درخواست پربلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیاگیا (فائل فوٹو)
چیف سیکرٹری سندھ کی درخواست پربلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیاگیا (فائل فوٹو)

این اے 245 میں پولنگ تاریخ تبدیلی کیلئے پی ایس پی کی درخواست مسترد

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 245 کے ضمنی انتخابات 27 جولائی کے بجائے 31 جولائی کو کرانے سے متعلق درخواست کو نمٹا تے ہوئے ووٹنگ کے دن کی تبدیلی کی استدعا مسترد کردی۔

عدالت کا اپنے حکم میں کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات 27 جولائی بدھ کے دن ہوں گے، قانون نافذ کرنے والے ادارے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کریں، امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سر براہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو قومی اسمبلی کی نشست این اے 245 کے ضمنی انتخابات 27 جولائی کے بجائے 31 جولائی کو کرانے سے متعلق پاک سر زمین پارٹی کے نائب صدر ارشد عبد اللہ وہر ہ کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے موقع پر درخواست گزار کی وکیل صوفیہ سعید ایڈووکیٹ کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ وہ الیکشن کمیشن کے جواب سے مطمئن نہیں، چاہتی ہیں 27 کے بجائے 31 جولائی کو ووٹنگ کرائی جائے۔

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ الیکشن والے دن تو چھٹی ہوتی ہیں۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ سب کی سرکاری نوکریاں نہیں، زیادہ تر نوکریاں پرائیوٹ کرتے ہیں۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ2 اگست سے محرم الحرام شروع ہونے کا امکان ہے۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ محرم الحرام میں انتخابات کرانا مشکل عمل ہو سکتا ہے، صوبائی حکومت، الیکشن کمیشن کو آزمائش میں نہیں ڈالنا چاہتے، اگر محرم الحرام نہ ہوتا تو کوئی راستہ نکال سکتے تھے، جس نے ووٹ دینا ہوگا وہ ووٹ دے کر نوکری پر چلا جائے گا، محرم الحرام میں کوئی واقعہ ہوا تو سنگین نتائج ہوسکتے ہیں۔

درخواست گزار نے حسان صابر ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 245 کے ضمنی انتخابات 27 جولائی رکھے ہیں ، اس الیکشن کو 31 جولائی کو اتوار کی چھٹی والے دن رکھا جائے لوکل گورنمنٹ کے الیکشن عمل بھی چل رہا ہے ، ضمنی انتخابات کا عمل بھی چل رہا ہوا گا تو الیکشن کمیشن پر کام کا دباﺅ ہوگا، لہذا استدعا ہے کہ این اے 245 کے ضمنی الیکشن 31 جولائی کو کرائے جائیں۔