نواب شاہ میں بھی نشیبی علاقے زیر آب۔ گھروں میں پانی داخل۔بجلی نظام درہم برہم ہوگیا(فائل فوٹو)
نواب شاہ میں بھی نشیبی علاقے زیر آب۔ گھروں میں پانی داخل۔بجلی نظام درہم برہم ہوگیا(فائل فوٹو)

شہداد پور میں دوران بارش دیوار گرنے سے 2 خواتین جاں بحق

شہداد پور/نوابشاہ:شہدادپو،نواب شاہ میں بارش، نشیبی علاقے زیر آب،دیوار گرنے سے 2 خواتین جاں بحق ہوگئیں ۔

ذرائع کے مطابق تعلقہ شہداد پوراور مختلف دیہی علاقوں لندو، مقصودہ رند، قصبہ ملدسی گوٹھ، معروف ڈاہری گوٹھ، گوٹھ شجاع جکھرو میں تیز بارش ہوئی، بارش کے پانی سےشہر کے نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، جسکی وجہ سے مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،

جب کہ مقامی انتظامیہ نے متاثرین کی کسی قسم کی مدد نہیں کی، شہر کی سڑکوں اور گلیوں میں 2 سے 3 فٹ تک پانی کھڑا ہوگیا، گوٹھ بانھنجو میں مکان کی دیوار گرنے کے باعث دو خواتین مسلمان جنت اور زلیخاں ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئیں،

بارش کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا جبکہ حسب معمول واپڈا نےبجلی کی سپلائی معطل کردی،جو رات دیر تک بحال نہ ہوسکی شہر اندھیرے میں ڈوب گیا۔ دوسری جانب نواب شاہ۔ شہر اور گردونواح میں بارش کاسلسلہ جاری رہا،

نشیبی علاقوں کی گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں،موسلادھار بارش سے پیاسی زمین سیراب ہوگئی، شہر اور گردونواح میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا۔