دونوں ممالک کے درمیان عالمی اورعلاقائی امور پرتبادلہ خیال )فائل فوٹو)
دونوں ممالک کے درمیان عالمی اورعلاقائی امور پرتبادلہ خیال )فائل فوٹو)

امریکی صدر جو بائیڈن کی سعودی ولی عہد سے ملاقات

 ریاض: امریکی صدر جو بائیڈن اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جدہ کے قصر سلام میں ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ عرب میڈیا کے مطابق امریکی صدرمشرق وسطیٰ کے 4 روزہ دورے کے دوران  اسرائیل سے سعودی عرب پہنچ گئے۔امریکی صدر جو بائیڈن نے جدہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی اوردونوں ممالک کے درمیان تعلقات، عالمی اورعلاقائی امور پرتبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کے فروغ اورروابط کو مختلف شعبوں میں بڑھانے پر اتفاق کیا۔

رپورٹس کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی صدرجوبائیڈن پرواضح کیا کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی تحقیقات اورمجرموں کو سزا دینے کے عمل کو شفاف طریقہ کار سے انجام دیا گیا۔ جدہ سلام پیلس پہنچنے پر امریکی صدر جو بائیڈن کا استقبال ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کیا تھا اور پھر انہوں نے ہی خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے  امریکی صدر کی ملاقات کرائی تھی۔

بائیڈن کل ہفتے کے روز امریکی عرب سربراہ کانفرنس میں شریک ہوں گے۔ اس کا اہتمام شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کیا ہے۔ کانفرنس میں جی سی سی ممالک کے قائدین کے علاوہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی، اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ  الثانی اور عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی موجود ہوں گے۔