عوام ووٹ کی طاقت سے انتشار، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کریں۔فائل فوٹو
عوام ووٹ کی طاقت سے انتشار، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کریں۔فائل فوٹو

عوام ووٹ ڈالتےہوئے عمران حکومت کو یاد رکھیں،شہباز شریف

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں عوام اپنا ووٹ ڈالتےہوئے عمران حکومت کے پونے 4سالہ سیاہ دورکی کرپشن،نا اہلی، معاشی تباہی، مافیا کی سہولت کاری و سرپرستی اورتبدیلی کےنام پر برپا کی گئی تباہی کےبارے ضرور سوچیں۔

پنجاب میں ضمنی انتخاب کی جنگ سے متعلق اپنے ٹویٹر پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کا ووٹ ہی ان کی طاقت ہے. اس طاقت سے انتشار، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کریں۔ ایک شخص کی اناء، اندازِ سیاست اور نااہلی نے ہمارے معاشرے کے حسن کو تہ و بالا کرکے رکھ دیا ہے. اپنا ووٹ قومی ترقی اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کیلئے ڈالیں. مجھے آپکی قوتِ انتخاب پر پورا بھروسہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کو پونے 4 سال بدترین گورننس کا نشانہ بنایا گیا۔ شہریوں کو مفت ادویات اور طلباء کو وظائف سےمحروم کیا گیا۔ سرکاری آسامیوں اور تبادلوں کی کھلے عام خرید و فروخت کی گئی۔ شہری سہولیات کی حالت ابتر اور لاقانونیت عروج پررہی. پنجاب کی جو حالت کی گئی وہ پنجاب کےلوگوں کی توہین سےکم نہیں۔