برطانیہ میں گرمی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے،آج برطانوی تاریخ کا گرم ترین دن رہا، ملک میں گرمی پڑنے کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ لندن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق چارل ووڈ سرے میں درجہ حرارت 39.1 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ دریاؤں اور جھیلوں میں نہاتے ہوئے 4 افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دن کے 11 بجے سرے میں درجہ 37.3 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔ جبکہ نیٹ ورک ریل نے مسافروں کو سفر نہ کرنےکی ہدایت جاری کردی۔
لندن سمیت انگلینڈ کے بیشتر حصوں کیلئے محکمہ موسمیات نے ریڈ وارننگ جاری کی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سپر مارکیٹس میں ٹھنڈے پانی کی بوتلیں ختم ہونا شروع ہوگئی ہیں۔
ادھر بعض یورپی ممالک میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ بالخصوص فرانس، پرتگال اور اسپین کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں جہاں جنگلات میں آگ بھڑک اُٹھی۔
فرانس کے مغربی شہر نانٹیس میں گرمی کا 73 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، جہاں درجۂ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
پرتگال میں 75 ہزار ایکڑاورفرانس میں 22 ہزار ایکڑ جنگلات آگ کی لپیٹ میں ہیں۔ متاثرہ علاقوں سے ہزاروں شہری نقل مکانی کر رہے ہیں۔