لندن : برطانوی حکومت نے دارالعوام سے اعتماد کا ووٹ جیت لیا، برطانوی حکومت نے دارالعوام سے اعتماد کا ووٹ جیتتے ہوئے 111 ووٹوں کی اکثریت حاصل کر لی۔دارالعوام میں اعتماد کے ووٹ پر 5 گھنٹے بحث ہوئی،جس میں حکومت کے حق میں 349 اورمخالفت میں 238 ووٹ پڑے۔ حکمراں جماعت نے غیرمعمولی قدم اٹھاتے ہوئے خودعدم اعتماد پیش کی تھی،دوسری جانب برطانیہ کے اگلے وزیرِ اعظم کی دوڑ میں 4 امیدوار میدان میں رہ گئے ہیں۔ خارجہ امور کی کمیٹی کے سربراہ ٹام، کنزرویٹیو قیادت کی دوڑ میں رشی سناک سب سے آگے ہیں، بھارتی نژاد رکن پارلیمنٹ کو 115ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق پیر کی شام ہاؤس آف کامنز میں بورس جانسن نے ایک بار پھر متعصبانہ تقریر کیساتھ عدم اعتماد پر بحث کا آغاز کیا اور اپنے 3 سالہ اقتدار کا بھرپور دفاع کیا۔ بورس جانسن نے دھواں دھار تقریر میں عہدے سے ہٹائے جانے کو برطانیہ کو یورپی یونین میں ایک بار پھر گھسیٹنے کی ‘ڈیپ اسٹیٹ’ سازش قرار دیا۔