کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو اورریکوڈک منصوبے پر کام کرنے والی کمپنی بیرک گولڈ کارپوریشن نے 14 اگست سے مںصوبے پرکام شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان وزیراعلیٰ بلوچستان اور کمپنی کے سربراہ نے کوئٹہ میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے کا باقاعدہ آغاز 14 اگست کو کیا جائے گا، جس سے صوبے کو سالانہ ایک ارب ڈالر کی آمدن ہوگی جب کہ پراجیکٹ سے7500 افراد کو روزگار ملے گا جن میں مقامی افراد کو ترجیح دی جائے گی، یہ منصوبہ 40 سال تک جاری رہے گا۔ بیرک گولڈ کمپنی کے سربراہ مارک برسٹو کا اس موقع پر کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اوربیرک کمپنی کے درمیان حتمی معاہدوں پر کام جاری ہے۔ شراکت داری کے تحت 50 فیصد حصہ بیرک کمپنی کا ہوگا جب کہ حکومت پاکستان اوربلوچستان کے پاس 25،25 فیصد شیئرہوگا۔مارک برسٹو نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت کوبنا کسی سرمایہ کاری کے رائلٹی اورڈیویڈنڈ بھی حاصل ہوں گے۔بیرک کمپنی قانونی اقدامات کے بعد فزیبلٹی اسٹڈی پر نظرثانی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک ذخائرسے تانبے اور سونے کی پہلی پیداوار 2027ء تک متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک کان کی منصوبہ بندی روایتی اوپن بڈ سے کی جائے گی۔ منصوبے سے تقریباً 4 ہزار طویل مدتی ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی۔