ضمنی انتخابات والے حلقوں میں 16 مارچ کو مقامی چھٹی دی جائے گی،فائل فوٹو
ضمنی انتخابات والے حلقوں میں 16 مارچ کو مقامی چھٹی دی جائے گی،فائل فوٹو

پی پی 7 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد

اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی پی 7 کہوٹہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی تحریکِ انصاف کی درخواست مسترد کردی۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے امیدوار شبیر اعوان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قراردیا کہ درخواست گزار ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی وجوہات بتانے میں ناکام رہا ہے۔اس سے کچھ دیرقبل الیکشن کمیشن نے کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

پی پی 7 راولپنڈی کے کیس کی لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے حکم پر آج الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سماعت کی۔مسلم لیگ ن کے راجہ صغیر، پی ٹی آئی کے شبیر اعوان اور ریٹرننگ آفیسر پی پی 7 الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

پی ٹی آئی کے شبیر اعوان نے دوبارہ گنتی کی درخواست دے دی، شبیر اعوان کے وکیل نے کہا کہ درخواست گزار 49 ووٹ سے ہارے ہیں، ہماری دوبارہ گنتی کی درخواست پر گنتی نہیں کرائی جا رہی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں تو آپ کی جانب سے کوئی درخواست دائر نہیں کی گئی، کل شام 5 بجے تک الیکشن کمیشن کے پاس کوئی درخواست نہیں آئی تھی، آپ نے ہائی کورٹ فیصلے کے بعد درخواست دائرکی ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ آپ نے الیکشن کمیشن پر الزام لگایا ہے کہ ہم آپ کی درخواست کو دیکھ نہیں رہے، بتائیں آپ کی درخواست کب آئی ہے؟

ای سی پی کے حکام نے کہا کہ ساڑھے 5 بجے شبیر اعوان کے نمائندے درخواست لے کر آئے جو 10 منٹ بعد واپس لے گئے۔