لاہور: سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے معاملے پر پرویز الٰہی کی درخواست پر ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کو طلب کرلیا۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کررہا ہے۔
سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کو ذاتی طورپرسننا چاہتے ہیں، وہ اپنے ساتھ الیکشن کا تمام ریکارڈ بھی لے کرآئیں، ڈپٹی اسپیکرآ کراپنے مؤقف کا دفاع کریں اور بتائیں۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ پریشان نہ ہوں یہ صرف ایک قانونی سوال ہے، یادرکھیں ایسے معاملات غیر تجربہ کاری سے پیش آتے ہیں، یہ معاملہ تشریح سے زیادہ سمجھنے کا ہے۔
عدالت نے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کو 2 بجے طلب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز، چیف سیکرٹری کو بھی نوٹس جاری کردیا اور کیس کی مزید سماعت دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردی۔
قبل ازیں چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے معاملے پر چوہدری پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کیلئے بینچ تشکیل دیا تھا۔