لاہور:نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ سے پنجاب بارکونسل کے سیکریٹری اشرف راہی کو قتل کردیا۔ واقعہ گزشتہ رات پیش آیا۔ اشرف راہی بادامی باغ سے گاڑی میں گھرجارہے تھے کہ نامعلوم ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پرہی دم توڑ گئے۔
حملے کے بعد ملزمان باآسانی فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق اشرف راہی کو سر اور گردن پر گولی لگی جسے سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقتول کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ ان کی کسی سے دشمنی نہیں تھی، لاش جائے وقوعہ سے اسپتال منتقل کرتے وقت اہل خانہ اور پولیس کے درمیان پوسٹ مارٹم پر تلخ کلامی بھی ہوئی۔ بعد ازاں معاملات طے پانے پر لواحقین لاش اسپتال منتقل کرانے پر راضی ہوگئے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیدیا۔