صومالیہ، خودکش حملے میں مئیرسمیت 11 افراد ہلاک

موغا ديشو: مسلم اکثریتی افریقی ملک صومالیہ میں ایک سرکاری دفتر پر خودکش حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں کمشنر سمیت 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی میڈیا کے مطابق صومالیہ کے شہرمارکہ میں ایک سرکاری دفترپرخودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا۔ ہر طرف دھواں اور بارود کی بُو پھیل گئی۔ بھگدڑ مچنے سے کئی لوگ کچل کر زخمی ہوگئے۔

امدادی کاموں کے دوران جائے وقوعہ سے 15 سے زائد افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 11 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی۔ ہلاک ہونے والوں میں شہر کے میئرعبداللہ علی احمد اور ان کے محافظ بھی شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور کا نشانہ کمشنر تھے جو سرکاری دفتر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ یہ کمشنر شدت پسند تنظیموں کے خلاف کارروائیوں میں پیش پیش رہے ہیں۔

خودکش حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم الشباب نے قبول کی ہے جو دارالحکومت موغادیشو کے سوا تمام بڑے شہروں پر قابض ہیں اور اپنے ٹھکانوں سے نکل کر دارالحکومت پر حملے کرتے رہے ہیں۔