اسلام آباد:ملک بھر کے تاجروں نے بجلی پر سیلز ٹیکس مسترد کرتے ہوئے بل جمع نہ کرانے کا اعلان کردیا۔
مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک بھر کے تاجروں نے سیلز ٹیکس لگے بجلی کے بل جمع نہ کروانے کا فیصلہ کیا ہے، بجلی کے بلوں پر لگائے گئے ٹیکسز اور معیشت کی تباہی ڈولتی حکومت کی اقتدار سے رخصتی کا باعث بنے گی۔
انہوں ںے کہا کہ ملک بھر میں دو اگست کو بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے دفاتر کے باہر احتجاجی کیمپ، دھرنے، مظاھرے ہوں گے، ملک گیر سطح پر اگلے لائحہ عمل کی تشکیل کے لیے 30 جولائی کو ہنگامی اجلاس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک کاروبار پر لگے کئی میٹروں، بند دکانوں اور گوداموں سمیت مساجد کی تفریق کے بغیر سب میٹروں پر سیل ٹیکس کا نفاذ درحقیقت غنڈہ وصولی کی کوشش ہے، ہم بل نہیں بھریں گے اوراگرکسی تاجر کی بجلی کاٹنے کی کوشش ہوئی تو الیکٹرک کمپنیوں کے دفاتر کا گھیراؤ کیا جائے گا، حکمرانوں نے یہ ٹیکس واپس نہ لیا تو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کریں گے۔