عمران خان اپنی صوبائی حکومتیں ختم کرو الیکشن کرا دیں گے۔رانا ثناء اللہ

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اگرالیکشن کرانے ہیں توعمران خان پہلے اپنی دو صوبائی حکومتیں ختم کرو، اگرقومی اسمبلی سے 100 سے زائد مستعفی اور دو اسمبلیاں ختم ہوں گی تو پھرعام انتخابات ہوں گے۔

 وفاقی وزیر داخلہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کے وکلا نے 50مرتبہ کیس ملتوی کرایا، 8سال ہوگئے اب فیصلہ محفوظ ہے کونسی رکاوٹ ہے۔ کیا مسئلہ ہے محفوظ فیصلے کا اعلان نہیں کیا جارہا، ہمارا مطالبہ ہے فارن فنڈنگ فیصلے فوری سنایا جائے،پی ٹی آئی کے چار ملازمین کے اکاؤنٹ میں پیسے آئے،اتحادی جماعتوں کا مطالبہ ہے ممنوعہ فنڈنگ کا فیصلہ جلد سنایا جائے۔

 انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ شخص عقل سے بالکل پیدل ہے، تحریک انصاف نے تقریبا ڈیڑھ کروڑکے قریب ووٹ لیے، اتحادی جماعتوں نے اڑھائی کروڑکے قریب ووٹ لیے، کیا تم اکثریت کو باہرپھینک دوگے؟ تمہارے ارد گرد چور اور ڈاکو بیٹھے ہیں۔50 ارب کی ڈکیتی تم نے خود کی ہے، ڈکیتی کے بدلے 5 ارب کی پراپرٹی لی اس کا آج تک جواب نہیں دیا، ہروقت تم اپنے مخالفین کو گالیاں دیتے ہو، مخالفین کو کہتے ہو ان کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتا، تاریخ میں اس پاگل، احمق کی مثال ہٹلر سے ملتی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ نواز شریف کل اور آج بھی الیکشن کی طرف جانے کا کہہ رہا ہے، اب کہہ رہا ہے چیف الیکشن کمشنر کو تبدیل کیا جائے، چیف الیکشن کمشنر کا نام عمران خان نے دیا تھا، جوڈیشل کونسل میں چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کا طریقہ کار موجود ہے، دھونس،دھمکی سے چیف الیکشن کمشنرتبدیل نہیں ہوگا۔ اگرالیکشن کرانے ہیں تو پہلے اپنی دو حکومتیں ختم کرو، یہ الیکشن کا صرف ڈرامہ ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان سے فنڈنگ کیس کا فوری فیصلہ سنائے، لاڈلے کیخلاف کیس کو 8 سال ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کیس کا فیصلہ ہوچکا ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن،ٹرائل کورٹ سے لیکرسپریم کورٹ میں ہمارے خلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔