تحریک انصاف ارکان کے استعفوں کی منظوری نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا (فائل فوٹو)
تحریک انصاف ارکان کے استعفوں کی منظوری نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا (فائل فوٹو)

شیریں مزاری سمیت 11 پی ٹی آئی ارکان کے استعفے منظور

اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے 11 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرلئے۔ ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق سیکریٹریٹ کی جانب سے استعفوں کی منظوری کے نوٹی فکیشن جاری کردیئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی ارکان کے استعفے منظور کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے ممبران قومی اسمبلی علی محمد خان (NA-22)، فصل محمد خان (NA-24)، شوکت علی (NA-31)، فخر زمان خان (NA-45)، فرخ حبیب (NA-108)، اعجاز احمد شاہ (NA-118)، جمیل احمد خان (NA-237)، محمد اکرم چیمہ (NA-239)، عبدل شکور شاد (NA-246)، ڈاکٹر مہر النسا شیریں مزاری (مختص نشست)، شندانہ گلزار خان (مختص نشست) کے استعفے قبول کئے۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے11 ارکان کے استعفےمنظور کئے ہیں۔ ابتدائی طور پر 11 ارکان کے استعفے منظور کئےگئے ہیں جب کہ مزید بھی منظور کئے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کےاستعفےمرحلہ وارمنظور کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسپیکر کی جانب سے ڈی نوٹیفائی کیلئے الیکشن کمیشن کو مراسلہ بھیجا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ استعفوں کی منظوری سے پہلے اسپیکرقومی اسمبلی نے سابق اسپیکر ایاز صادق سمیت دیگر سے مشاورت کی۔ مشاورت میں خورشیدشاہ، ایازصادق، سعدرفیق شریک تھے۔ رواں سال اپریل میں پارلیمنٹ میں ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد تحریک انصاف کی قیادت نے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

جون میں پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کے معاملے پر اسپیکرقومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ کچھ ارکان نے رابطے کئے ہیں فی الحال میں منتظرہوں جب وقت ختم ہوگاتوفیصلہ کروں گا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے واضح کیا کہ استعفیٰ دینے کےکچھ قواعدو ضوابط ہیں کوئی ممبراستعفیٰ دیتا ہے تو میرا فرض ہے تعین کروں کہ یہ بغیرکسی دباؤ کے دیا گیا جب تک یہ بات واضح نہ ہو استعفیٰ منظور نہیں کیا جا سکتا۔