فائل فوٹو
فائل فوٹو

برطانوی اخبار نے پی ٹی آئی کی ممنوعہ فنڈنگ کابھانڈا پھوڑ دیا

لندن:برطانوی اخبار نے پی ٹی آئی کی ممنوعہ فنڈنگ کابھانڈا پھوڑ دیا،برطانیہ میں خیرات کے لیے جمع کی جانے والی رقم پی ٹی آئی کو منتقل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کوبرطانیہ سے ممنوعہ فارن فنڈنگ کی گئی ۔

برطانوی اخبار فنانشل ٹائمزکی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے ٹی 20 میچ کروائے گئے دیگرذرائع سے بھی حاصل کی جانے والی رقم پی ٹی آئی کو منتقل کی گئی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کو رقم ابراج گروپ کے بانی عارف نقوی کی جانب سے منتقل کی گئی۔ عارف نقوی نے کیمن آئی لینڈز میں شامل کمپنی ووٹن کرکٹ لمیٹڈ کو پاکستان تحریک انصاف کے بینک رول کے لیے استعمال کیا۔

عارف نقوی نے کرکٹ میچز منعقد کرائے جن میں سب سے اہم میچ آکسفورڈ شائر میں عارف نقوی کی رہائش گاہ پرکھیلاگیا۔ ویک اینڈ پردی گئی دعوت میں عمران خان سمیت سیکڑوں بینکرز، وکلا اور سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔برطانوی اخبار کے مطابق عارف نقوی 2012 سے2014 تک ووٹن ٹی ٹوئنٹی کے صدر رہے۔ ووٹن پیلس پرکھیلے جانے والے میچ کے لیے مہمانوں کو فلاحی مقاصد کے لیئے 2 سے ڈھائی ہزار پائونڈ کے درمیان ادائیگی کا کہا گیا۔

برطانیہ میں ہرسال موسم گرما میں اس قسم کے چیریٹی فنڈ ریزرمنعقد کیے جاتے ہیں تاہم غیرمعمولی بات یہ تھی کہ جمع کئے گئے فنڈز کا فائدہ پاکستان کی ایک سیاسی جماعت کو ہوا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ رقم ووٹن کرکٹ لمیٹڈ کوفیس ادا کی گئی جودراصل کیمن آئی لینڈز میں رجسٹرڈکمپنی تھی جس کے مالک عارف نقوی تھے۔ ووٹن کرکٹ کوکئی کمپنیوں اور افراد نے لاکھوں کے فنڈز دیے جبکہ متحدہ عرب امارات کے وزیر نے جوابوظبی کے شاہی خاندان کے فرد بھی ہیں،نے 20لاکھ پاونڈز دیے۔

نانشل ٹائمزکی طرف سے ابراج کی ای میلز اور اندرونی دستاویزات کے جائزے میں کہا گیا ہے کہ ووٹن کرکٹ کو 14مارچ 2013 کو ابراج انویسٹمنٹ سے 13 لاکھ ڈالرموصول ہوئے۔ ووٹن کرکٹ کے اکاو¿نٹ سے 13 لاکھ ڈالربراہ راست پی ٹی آئی کے اکاو¿نٹ میں ڈالے گئے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں سیاسی جماعتوں کے لئے فارن فنڈنگ پر پابندی عائد ہے۔

دیگر تفصیلات کے مطابق اپریل 2013 میں شیخ نہیان مبارک نے ووٹن کرکٹ کے اکائونٹ میں 20 لاکھ ڈالرمنتقل کیے۔ 20 لاکھ ڈالر آنے کے چھ دن بعد12 لاکھ ڈالر 2 قسطوں میں پاکستان منتقل کردیے گئے۔