یوٹیلیٹی اسٹورز پردالوں کی قیمت میں48 روپے فی کلوتک اضافہ

اسلام آباد: موجودہ حکومت کے دور میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر عوام کے لیے مہنگائی کا نیا طوفان آگیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف دالوں کی قیمتوں میں 48 روپے فی کلو تک بڑھادیئے گئے ہیں، جس کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اضافہ فوری نافذ العمل ہوگا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے یوٹیلیٹی اسٹورز پر کالے چنے کی فی کلو قیمت میں 48 روپے، دال مسور کی فی کلو قیمت میں 40 روپے، سرخ لوبیا، ثابت مسور کی فی کلو قیمت میں 35 روپے، دال مونگ اور دال چنا کی فی کلو قیمت میں 30 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل کالے چنے کی قیمت 172 روپے کلو تھی جو بڑھ کر 220 روپے فی کلوہوگئی،دال مسور 270 سے بڑھ کر 310 روپے فی کلو ہوگئی،سرخ لوبیا 235 روپے سے بڑھ کر 270 روپے فی کلوہوگیا،ثابت مسور دال 275 روپے سے بڑھ کر 310 روپے فی کلوہو گئی۔

اسی طرح دال مونگ 170 روپے سے بڑھ کر 200 روپے فی کلوہو گئی،دال چنا 190 روپے سے بڑھ کر 220 روپے فی کلوتک پہنچ گئی۔