اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کےغیرقانونی اقدامات کےخلاف کل یوم استحصال منایا جائے گا،پاکستان چین کی علاقائی حدود کا احترام کرتا ہے، ایمن الظواہری کے خلاف کارروائی میں پاکستان کی فضائی حدود استعمال ہونے کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ کل 5 اگست کو بھارت کے مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات کو تین سال مکمل ہو جائیں گے، بھارت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور انسانی حقوق قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں نولاکھ سے زائد بھارتی افواج قابض ہیں، مقبوضہ جموں کشمیر میں لاک ڈاؤن، انٹرنیٹ کی بندش اور کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کیے جا رہے ہیں، کشمیری لیڈرشپ کو حق خود ارادیت کے لیے آواز اٹھانے پر قید میں رکھا ہوا ہے، بھارت کے غیرقانونی اقدامات کے خلاف کل یوم استحصال منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کمبوڈیا کے دورے پر ہیں، وزیر خارجہ کمبوڈیا میں 29 ویں آسیان ریجنل فورم میں شرکت کریں گے، پاکستان آسیان کا سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنر ہے، آسیان علاقائی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر دیگر ارکان ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں ہوں گی، وزیر خارجہ باہمی ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں گے، آسیان کی صدارت کمبوڈیا کے پاس ہے۔