دوحہ: امریکا کی جانب سے القاعدہ کے سربراہ ایمن الظواہری سے متعلق دعویٰ پرطالبان نے کہا کہ وہ واشنگٹن کے اس دعوے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق طالبان کے ایک اہلکار نے بتایا کہ گروپ کی قیادت کو ایمن الظواہری کی موجودگی کا علم نہیں تھا۔
دوحہ میں مقیم اقوام متحدہ کے لئے طالبان کے نامزد نمائندے سہیل شاہین نے ایک پیغام میں صحافیوں کو بتایا کہ حکومت اورقیادت کو اس بات کا علم نہیں کہ امریکا کیا دعویٰ کررہا ہے اور نہ ہی اس کا کوئی سراغ ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دعوے کی سچائی کے بارے میں جاننے کے لیے ابھی تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات کے نتائج عوامی طور پر شیئر کیے جائیں گے۔
گروپ کے تین ذرائع نے خبر رساں ادارے ‘رائٹر’ کوبتایا کہ طالبان کے سرکردہ رہنما امریکی ڈرون حملے کا جواب دینے کے بارے میں طویل بات چیت کر رہے ہیں۔