اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پیچھے سے ڈوریوں کو ہلایا جاتا ہے، الیکشن کمیشن نے اپنی حدود سے نکل کر فیصلہ دیا، یہ فارن فنڈنگ نہیں ، اوورسیز پاکستانیوں نے پیسے دئیے، ایسا کیا غلط کیا جس پر نااہلی اور کارروائی کی باتیں شروع ہوگئیں، پیسےکے بغیر سیاسی جماعت کیسے چل سکتی ہے؟ حکومت نے تمام حربوں میں ناکامی کے بعد ای سی پی کو استعمال کیا۔ اڑھائی سال سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے لیے کوششیں کررہا تھا، جب ای وی ایم آئے گی تو خفیہ ہاتھوں کی گیم ختم ہو جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کے دوران کارکنوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کوقلعہ بنادیا گیا ایسے لگا جیسے کوئی باہر سے حملہ کرنے لگا ہے، آئین ہمیں پرامن احتجاج کی اجازت دیتا ہے، 26سال سے ہمیشہ کوشش رہی آئین وقانون کے اندر رہ کراحتجاج کریں، ان کواتنا خوف کیوں ہے، یہ سمجھنا بہت ضروری ہے ان کو اتنا خوف کیوں ہے،انہوں نے سازش کے تحت ہماری حکومت گرائی تھی،یہ سمجھ رہے تھے کہ شائد لوگ مٹھائیاں بانٹیں گے،اللہ نے لوگوں کے دل ایسے موڑے عوام سڑکوں پرآگئی، ہم نے 25 مئی کو پُر امن احتجاج کی کال دی،انہوں نے 25 مئی کو ظلم کیا کبھی نہیں بھولوں گا،25مئی کو شیلنگ، گرفتاریاں کر کے ظلم کیا گیا، ایسے لگا جیسے کوئی دشمن کی فوج آگئی ہو،یہ سمجھ رہے تھے عوام خوف میں آجائیں گے۔