تھائی لینڈ میں نائٹ کلب میں آتشزدگی کے واقعے میں 14 افراد ہلاک اور41 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوب مشرقی صوبہ چھونبوری میں رات گئے کلب ماؤنٹین بی نائٹ اسپاٹ میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بڑی جگہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
کلب کی دیواروں پرآتش گیر فوم لگے ہونے کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہوا اور کئی لوگوں کو جان بچانے کا موقع نہ مل سکا۔
شراب کے نشے میں دھت اور رقص و موسیقی کے شور کے باعث متعدد لوگوں کو شروع میں پتہ ہی نہ چلا کہ کیا آفت پیش آئی ہے اور جب صورتحال کی سنگینی کا اندازا ہوا اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی اورآگ نے باہر نکلنے کے رستے بند کردیے تھے۔
ہلاک شدگان میں 4 خواتین اور 9 مرد ہیں جن کی لاشیں دروازے، بیت الخلا اور ڈی جے بوتھ کے پاس ملیں۔ سب لوگ مقامی شہری ہی تھے۔
عینی شاہد نتنیت پکولکاو نے بتایا کہ وہ اپنے بھائی کی سالگرہ منانے کے لیے نائٹ کلب میں تھیں اور اسٹیج کے سامنے کے قریب تھیں جب ایک خاتون چیختے ہوئے بھاگی کہ چھت میں آگ لگی ہے۔ چند سیکنڈ بعد اس نے دیکھا کہ اسٹیج پر مقررین شعلوں میں لپٹے ہوئے تھے۔