اتر پردیش: بھارت میں پسند کی شادی کرنے کی ضد کرنے والی بیٹی کو قتل کرانے کے لیے باپ نے ملزم کو 1 لاکھ روپے کی سپاری دیدی۔بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست اُتر پردیش میں باپ کے منع کرنے کے باوجود محبوب سے ملنے اور شادی کرنے پر بضد لڑکی کو اسپتال میں زہریلا انجیکشن دیکر قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔لڑکی کی اچانک طبیعت بگڑ گئی لیکن خوش قسمتی سے اس وقت ماہر ڈاکٹر موجود تھے جنھوں نے لڑکی کو بچالیا۔ لڑکی کے خون میں پوٹاشیئم کلورائیڈ کی مقدار خطرناک حد تک پائی گئی تھی۔
ڈاکٹرز نے پولیس کو بلایا اور ممکنہ قتل کے خدشے کا اظہار کیا۔ جس پر سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے میل نرس نریش کمار کو گرفتار کرلیا گیا جو ڈاکٹر کا بھیس بدل کر لڑکی کو انجیکشن لگا رہا تھا۔پولیس نے وارڈ بوائے کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ کی تو وارڈ بوائے نے انکشاف کیا کہ اس نے یہ سب لڑکی کے باپ نوین کمار کے کہنے پر کیا۔
پولیس نے لڑکی کے باپ کو بھی حراست میں لے لیا جس نے اعترافی بیان میں بتایا کہ بیٹی اپنی پسند کی شادی کرنا چاہتی تھی اور بار بار منع کرنے کے باوجود اس سے ملتی تھی۔جس پر میں نے بیٹی کو بہانے سے اسپتال میں داخل کروایا اور وارڈ بوائے کو زہریلا انجیکشن لگا کر قتل کرنے کے لیے 1 لاکھ روپے بھی دیئے۔