امریکی ریاست نیو میکسیکو کی ایلباکرکی پولیس نے شہر میں قتل ہوئے چار میں سے دو مسلمانوں کے قتل کے الزام میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق 51 سالہ افغان شہری کو اہم مشتبہ شخص کے طور پر شناخت کیا گیا ہے۔ملزم کو ایک روز قبل 100 میل سے زائد کے فاصلے کا تعاقب کرنے کے بعد تحویل میں لیا گیا تھا۔پولیس چیف ہیرلڈ میدنا کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ یہ اموات نفرت انگیز جرائم میں شمار ہوں گی یا سیریل کلنگ میں۔
پولیس نے بتایا کہ تفتیش کاروں کو شہر کی مسلم کمیونٹی کی جانب سے ایک اطلاع ملی جس میں ملزم کی طرف اشارہ کیا گیا جو تقریبا پانچ سال سے امریکہ میں مقیم ہیں۔پولیس قتل کے پیچھے ممکنہ مقاصد کا جائزہ لے رہی ہے جن میں ایک ‘باہمی تنازع’ بھی شامل ہے۔ پولیس چیف سے گرفتاری کے بعد کسی فرقہ وارانہ عنصر کے حوالے سے بھی پوچھا گیا مگر انہوں نے اس کا براہ راست جواب نہیں دیا۔
اسلامک سینٹر آف نیو میکسیکو کے صدر احمد اسد نے مشتبہ شخص کے مقاصد کے بارے میں فی الحال کوئی بھی نتیجہ اخذ کرنے سے خبر دار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم ‘وقتا فوقتا’ مرکز کی مسجد میں آتا تھا۔
اس گرفتاری کے اعلان کے بعد متاثرین میں سے ایک مقتول محمد افضال حسین کے بھائی محمد امتیاز حسین نے کہا کہ وہ اب سکون محسوس کر رہے ہیں لیکن وہ مشتبہ شخص اوراس کے مقصد کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سے ہمیں امید ہے کہ (سچائی) ہمارے سامنے آئے گی۔ ہم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ایسا کیوں ہوا۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ملزم کو کوئی وکیل دستیاب ہے یا نہیں۔
عالمی میڈیا کے مطابق ایلباکرکی کے پولیس چیف نے ایک کانفرنس میں کہا کہ ملزم پر باضابطہ طور پردو قتل کا الزام عائد کیا گیا،41 سالہ آفتاب حسین اور 27 سالہ محمد افضال حسین، جنہیں بالترتیب 26 جولائی اور یکم اگست کو مارا گیا، لیکن انہیں چاروں قتل کے واقعات میں مشتبہ سمجھا جا رہا ہے۔ دونوں مقتولین کا تعلق پاکستان سے تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ آفتاب حسین اورمحمد افضال حسین کے قتل کی جگہ سے ملنے والی گولیوں کے خول کا تعلق ملزم کے گھر سے ملنے والی بندوق سے ہے۔پولیس نے بتایا کہ وہ پیر کو ملزم کے ایلباکرکی میں گھر کی تلاشی لینے والے تھے جب انہوں نے اسے گاڑی میں جاتے ہوئے دیکھا۔ پولیس کا خیال ہے کہ اس گاڑی کو کم سے کم ایک قتل میں استعمال کیا گیا ہے۔
افسران اس کا پیچھا کرتے ہوئے ایلباکرکی سے تقریبا 110 میل مشرق میں سانتا روزا پہنچے جہاں انہوں نے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس کے گھر اور کار سے متعدد اسلحہ برآمد ہوا ہے۔حکام کے مطابق ملزم کے بیٹوں سے پوچھ گچھ کے بعد انہیں رہا کردیا گیا ہے۔