بارسلونا: ماتحت خاتون اہلکار کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام ثابت ہونے پر حکومت پاکستان نے اسپین میں تعینات قونصل جنرل مرزا سلمان بابر بیگ کوعہدے سے ہٹا دیا ۔
تفصیلات کے مطابق متاثرہ لڑکی نے چند ہفتے قبل قونصل جنرل کے خلاف جنسی ہراسیت کے الزامات عائد کیے تھے ، جس کے بعد سپین میں پاکستانی سفیر شجاعت راٹھورنے واقعے کی تفصیلات طلب کیں، مقامی سطح پر انکوائری مکمل کرنے کے بعد معاملہ پاکستانی وزارت خارجہ کو بھجوایا گیا جس کے بعد وزارت خارجہ ہیڈکوارٹرز سے 2 رکنی انکوائری ٹیم نے اسپین کا دورہ کیا، اس دوران فریقین اور عملے کے بیانات قلمبند اور ثبوت اکٹھے کیے گئے۔
نکوائری ٹیم کی تحقیقات کی روشنی میں وزارت خارجہ نے مرزا سلمان بابر بیگ کو قونصل جنرل کے عہدے سے برطرف کرتے ہوئے ہیڈ کوارٹرز رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ متاثرہ لڑکی نے سپین کے نظام انصاف میں بھی واقعہ کی رپورٹ کرائی تھی،میڈرڈ میں پاکستانی سفیر شجاعت راٹھورنے سفارت کار کے خلاف خاتون کو ہراساں کرنے کے الزامات کو انتہائی سنجیدگی سے لیا اور فوری انکوائری کرکے قونصل جنرل کو ہیڈکوارٹرز رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
دوسری جانب مرزاسلمان بابر بیگ نے صافیوں سےگفتگو میں کہا کہ مجھ پر لگنے والے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ،میں اپنے اوپر لگنے والے بے بنیاد الزامات کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹاوں گا۔