نئی ٹرف کیلیے جلد ٹینڈر دیں گے- انتظامیہ نے تبدیلی کے پیش نظر اسٹیڈیم میں لگی ٹرف اکھاڑی- صوبائی وزیر کھیل۔فائل فوٹو
 نئی ٹرف کیلیے جلد ٹینڈر دیں گے- انتظامیہ نے تبدیلی کے پیش نظر اسٹیڈیم میں لگی ٹرف اکھاڑی- صوبائی وزیر کھیل۔فائل فوٹو

پی ٹی آئی جلسہ کیلیے 15 کروڑ کی آسٹرو ٹرف برباد

پاکستان کے سب سے بڑے اور تاریخی نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور کی 15 کروڑ روپے مالیت کی بلیو آسٹرو ٹرف کو پی ٹی آئی کے جلسہ کیلیے برباد کردیا گیا۔

پی ٹی آئی جلسہ 13 اگست کی شام ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔ جو قبل ازیں مینار پاکستان پر ہونا تھا۔ تاہم پی ٹی آئی کو اس کی سیکورٹی کلیئرنس نہیں ملی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی بی کی رپورٹ کی روشنی میں پنجاب حکومت نے نیشنل ہاکی کو جلسے کیلئے منتخب کیا۔ اور پنجاب اسپورٹس کو خوبصورت آسٹرو ٹرف ہٹانے کی ہدایت کی۔ جہاں آج اسٹیج تیار کیا جائے گا۔

ایک اسپورٹس مین کی قائم کردہ سیاسی پارٹی تحریک انصاف نے کھیل کے میدان بھی اُجاڑنے شروع کر دیئے۔ تحریک انصاف کے جلسے کیلئے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کی آسٹرو ٹرف کو اتارا جاچکا ہے۔ یہ آسٹرو ٹرف مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت 2012ء میں ہالینڈ سے امپورٹ کرکے بچھائی گئی تھی ۔اپنی تقاریر، گفتگو اور انٹرویوز میں ہمیشہ کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے دعوے دار عمران خان نے 2018ء میں وزیر اعظم بننے کے بعد کرکٹ سمیت مختلف کھیلوں کے ڈپارٹمنٹ بند کر دیئے تھے۔ جس کی وجہ سے کھلاڑی، کوچز، ایمپائرز، میچ ریفریز سمیت کھیل کے شعبے سے وابستہ دیگرافراد بے روز گار ہو گئے تھے۔

یاد رہے کہ پہلے پی ٹی آئی نے جشن آزادی جلسہ پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم بعد میں عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں جلسے کے مقام کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کور کمیٹی کے اجلاس میں مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کی تجویز سامنے آئی تھی۔ لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیکورٹی کلیئرنس نہ دیئے جانے کی وجہ سے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہورکا انتخاب کیا گیا۔ عمران خان کے جلسے کی تیاریوں پر پنجاب حکومت باقاعدہ سرکاری مشینری استعمال کر رہی ہے۔

پی ٹی آئی نے بھی اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو زیادہ سے زیادہ کارکنان لانے کی ہدایت کی ہے۔ جلسے کے موقع پر سخت سیکورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔ جلسے کی سیکورٹی کیلئے تین حصار بنائے جائیں گے۔ 1990ء ہاکی ورلڈ کپ کا میزبان نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں 45 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ پی ٹی آئی کور کمیٹی نے ایک لاکھ افراد جمع کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ تحریک انصاف کے اعلامیے کے مطابق 13 اور 14 اگست کی درمیانی رات ہاکی اسٹیڈیم میں 75 واں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ عمران خان خصوصی طور پر جلسے میں شرکت اور خطاب کریں گے۔

تحریک انصاف کے جلسے سے متعلق ڈائریکٹر ایڈمن اسپورٹس بورڈ پنجاب سید عمیر حسن کا کہنا ہے کہ ہاکی اسٹیڈیم میں جلسے کی اجازت ضلعی انتظامیہ نے دی ہے۔ اسپورٹس بورڈ پنجاب کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ ڈائریکٹر ایڈمن اسپورٹس بورڈ پنجاب سید عمیر حسن کا کہنا تھا کہ آسٹرو ٹرف تبدیلی کی سمری تیار ہو چکی ہے۔ ایک ہفتے تک آسٹرو ٹرف تبدیل کرنے کی سمری ارسال کر دی جائے گی۔ چند ماہ تک آسٹرو ٹرف امپورٹ کرکے لگائی جائے گی۔

تحریک انصاف کے صوبائی وزیر کھیل تیمور مسعود کا کہنا ہے کہ ٹرف لاہور سے تبدیل کرکے سرگودھا ہاکی اسٹیڈیم میں بچھائی جائے گی۔ ٹرف تبدیل کرنے کا فیصلہ گزشتہ حکومت کے دور میں کیا گیا۔ نئی ٹرف کے لیے جلد ٹینڈر دیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ نے تبدیلی کے پیش نظر اسٹیڈیم میں لگی ٹرف اکھاڑی ہے۔ سیکریٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) حیدر علی کا کہنا ہے کہ ہاکی اسٹیڈیم پنجاب اسپورٹس بورڈ کی ملکیت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہاکی میچ کروانے کے لیے بھی اسپورٹس بورڈ سے اجازت درکار ہوتی ہے۔