اسلام آباد:پاکستان کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ايم ايف) سے قرض کی اگلی قسط ملنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔وزارت خزانہ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے لیٹر آف انٹینٹ موصول ہوگيا ہے۔وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر مرتضیٰ اس لیٹر پر دستخط کریں گے۔
لیٹر آف انٹینٹ وہ دستاویز ہوتی ہے جو آئی ایم ایف تمام شرائط پوری کرنے کے بعد جاری کرتا ہے۔ اس لیٹر پر آئی ایم ایف حکام کے دستخط ہوتے ہیں۔ پاکستان آئی ایم ایف کی تمام پیشگی شرائط پوری کرچکا ہے جن میں پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی کا خاتمہ، بجلی ٹیرف میں اضافہ، ٹیکس اہداف اور نئے بجٹ میں متعدد اقدامات کا اعلان شامل ہے۔
آئی ایم ایف کےایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 24 یا 25 اگست کو بلائے جانے کا امکان ہے جس میں پاکستان کیلیے 1.2 ارب ڈالر قرض کی منظوری دی جائے گی۔
پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 7 ارب 83 کروڑ ڈالر تک گرچکے ہیں۔پاکستان کو دوست ممالک سے 4 ارب ڈالر کی اضافی امداد بھی ملنے کا امکان ہے۔